پی ایس ایل6: تماشائیوں کیلئے بڑی خوشخبری

 نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 6 2021 کے دوران تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں داخلے کی اجازت دے دی۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان سپر لیگ میں میچز کے دوران اسٹیڈیمز میں 20 فیصد تماشائیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

ایونٹ کا باقائدہ آغاز 20 فروری سے ہوگا جس کے میچز 22 مارچ تک کراچی اور لاہور میں جاری رہیں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 7ہزار 500 جبکہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5ہزار 500 تماشائی ٹکٹیں حاصل کرکے اسٹیڈیم میں بیٹھ کر لائیو ایکشن سے محظوظ ہوسکیں گے۔

اس دوران دونوں ادارے، این سی او سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ، مشترکہ طور پر صورتحال کا مسلسل جائزہ لیتے رہیں گے، جس کے بعد غور کیا جائے گا کہ آیا تین پلے آف میچز اور فائنل کے لیے تماشائیوں کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے یا نہیں۔

اس حوالے سے  پاکستان کرکٹ بورڈ نے این سی او سی کو ایک تفصیلی بریفنگ دی تھی، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ ایونٹ کے منتظمین اور پی سی بی،  میچز کے دوران اسٹینڈز میں بیٹھے تماشائیوں سے حکومت کی جانب سے تیار کردہ  کوویڈ 19 پروٹوکولز اور سماجی فاصلے کی ہدایات پر مکمل عمل کروائیں گے۔

این سی او سی کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ اپنی ٹکٹنگ پالیسی کا اعلان جلد کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ این سی او سی کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے مداحوں کو اسٹیڈیم میں بیٹھ کر براہ راست میچ دیکھنے کی اجازت دینے پر پی سی بی پر اعتبار کیا، یہ پی سی بی کی بطور ادارہ کوویڈ 19 پروٹوکولز کی پاسداری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ فینز کرکٹ بورڈ کا اثاثہ ہیں اور ان کی محدود تعداد میں بھی اسٹیڈیم آمد ایونٹ کو چار چاند لگا دے گی، انہیں معلوم ہے کہ محدود تعداد میں داخلے کی وجہ سے ہر فین تو اسٹیڈیم میں نہیں آسکتا مگر ان کی محدود تعداد میں موجودگی بھی ایک مثبت اور درست فیصلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ تماشائیوں کی محدود تعداد میں اسٹینڈز میں آمد کے ساتھ ساتھ لیگ کو کامیابی سے منعقد کروا لیتے ہیں تو انہیں رواں سال نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں بھی تماشائیوں سے متعلق اپنا کیس مضبوط نظر آتا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

Security beefed up at railways during special Eid-ul -Fitr train operations

سینٹ انتخابات سے متعلق صدارتی آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج

Jumma-tul-Wida, last Friday of Ramadan, being observed